……Mian Saud Ahmed…… آج کل امریکی وزیر خارجہ ہلیر ی کلنٹن افریقہ کے سات ممالک کے دورے پر ہیں۔ ہلیری کلنٹن نے ملاوی کے دورے میں روایتی لباس پہن کررقص کیاجس میں سب ہی ان کے ساتھ جھوم اٹھے تھے۔پھر اس کے بعد جنوبی افریقہ میں بھی رقص کا شاندار مظاہرہ کیا اور عشائیے کی محفل میں موجود ہر کوئی ان کا ساتھ دینے پر مجبور ہوگیا۔ہیلری کلنٹن نے موسیقی کی دھن پرخوب جم کر ڈانس کیاجسے دیکھ کر عشائیے میں موجود دیگر لوگوں کو بھی جوش آیا اور وہ بھی امریکی وزیر خارجہ کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں اتر آئے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ہلیری کلنٹن کو افریقہ کے دورے میں ایسی کون سی خوشیاں مل رہی ہیں کہ وہ ناچنے پرمجبور ہیں۔ اس قبل وہ بحیثیت سیکریٹری آف اسٹیٹ کئی ممالک کے کامیاب دورے کر چکی ہیں لیکن وہاں ان کو ناچتے نہیں دیکھا، ہاں البتہ موجودہ امریکی صدر اور ان کی خاتون اول نے جب بھارت کا دورہ کیا تو انہیں وہاں ڈانس کرتے ضرور دیکھا تھا۔ ہو سکتا ہے امریکہ کے خلائی مشن نے مریخ میں کوئی خزانہ دریافت کر لیا ہو جس کی خوشی چھپائے نہیں چھپ رہی ہو یا پھر سوڈان، تیونس، مصر، لیبیا کے بعد اب شام میں کوئی بڑی کامیابی نصیب ہونے والی ہو، جس کا پیشگی جشن منا رہی ہوں۔ ان ممالک میں امریکہ اپنے عالمی حریفوں کا پتہ کاٹ چکاہے اور سیاسی، فوجی اور اقتصادی پہلوؤں سے کامیابیاں حاصل کررہا ہے۔ یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ مڈل ایسٹ میں امریکی پلان کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہو اور کئی حریف اب نئے حلیف بن کران کو میسر آگئے ہوں جو پرانے حلیفوں کا صفایا کرنے اور نئے حلیفوں کو بر سر اقتدار لانے میں ان کے مددگار بن رہے ہوں۔ہو سکتا ہے کہ انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہو کہ اب کسی ملک کو سیدھا کر نے کے لئے امریکہ کو اپنی فوجیں نہیں بھیجنا پڑے گی بلکہ اس ملک میں کئی طرح کے باغی بکثرت مل جائیں گے جو ان سے مال لے کر خوب تن من دھن سے خدمات انجام دیں گے۔ بہر حال ان کی خوشی اور مستی بتا رہی ہے کہ امریکہ کا وقت اچھا چل رہا ہے۔ ہیلری کلنٹن ایک سپر پاور کی طاقتور ااہلکار ہیں۔ صرف امریکہ میں ہی نہیں بلکہ کئی ممالک کے سربراہوں کو بھی وہ انگلیوں پر نچاتی ہونگیں ، اور اب دنیا کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ جب وہ خود اتنا اچھا ناچ سکتی ہیں تو نچانے میں انہیں کتنی مہارت ہو گی۔ ان کی خوش قسمتی ہے کہ جہاں ان کو ناچ آتا ہے وہاں ان کو آنگن بھی سیدھا ہی ملتا ہے، البتہ دنیا میں ابھی کئی ممالک ایسے باقی ہیں جہاں کا آنگن ان کے لئے ابھی تک ٹیڑھا ہے اور ناچنا مشکل ہے۔ |
Thursday, 16 August 2012
- Blogger Comments
- Facebook Comments
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
0 comments:
Post a Comment